بچوں میں مطالعے کا شوق: کچھ باتیں
تحریر: نجم الہدیٰ ثانی
میرا مشاہدہ ہے کہ مسلم گھرانوں میں مطالعہ کا شوق بہت کم ہوتا ہے۔ اچھے خاصے اعلیٰ تعلیم یافتہ لوگ بھی اس نعمت سے محروم نظرآتے ہیں۔ لوک ڈاؤن میں لوگوں کے پاس وقت کی کمی نہیں ہے۔ تھوڑی سی توجہ سے ہم بچوں میں مطالعے کا رجحان پیدا کرسکتے ہیں۔ ٹی وی اورموبائل فون کے دورمیں یہ کام آسان نہیں لیکن یہ کرنے کا کام ہے۔ مطالعے کا شوق ان کی شخصیت میں چارچاند بھی لگائے گا اور، ان شاء اللہ، ان کی کامیابی کا ضامن بھی ہوگا۔ اس سلسلے میں چند باتیں پیش خدمت ہیں:
ا۔ خود بھی مطالعہ کی عادت ڈالیں۔ (یہ سب سے مشکل شرط ہے۔ :)
2۔ اپنے رویے اورگفتگو کے ذریعے کتابوں اورمطالعے کی اہمیت بچوں کے ذہن نشین کریں۔
3۔ بچوں کوقصے کہانیوں اورنظموں کی کتابیں تحفے میں دیں۔ ان پران کے لئے اپنی تحریرمیں ضرورکچھ لکھیں اورتاریخ ڈالنا مت بھولیں۔
4۔ ہردن تھوڑا سا وقت بچوں کے ساتھ مطالعہ میں گذاریں۔ خودپڑھیں اوراپنے پڑھنے کوبچوں کی عمراوران کی نفسیات کے اعتبارسے دلچسپ بنائیں۔
5۔ پڑھنے میں جلدی نہ کریں۔ بچوں کی ذہنی سطح کا خیال رکھیں اورپڑھنے کووعظ و نصیحت یا بچوں میں معلومات 'انڈیلنے' کی جلدی بازی میں بوجھل نہ بنائیں۔ اس سے بچے بہت جلد اکتا جائیں گے اورمطالعے اورکتابوں سے دوربھاگنے لگیں گے۔
6۔ پڑھتے وقت بچوں کی توجہ کو باندھ کررکھنے کی کوشش کریں۔ اس کے لئے ضروری ہے کہ ان کو پڑھنے کے عمل میں شریک کیا جائے: مثلاً، جو کچھ پڑھا جارہا ہو اس کے بارے میں بچوں سے سوالات کرتے رہئے، اپنی نظریں مسلسل کتاب پرمرکوز مت رکھئے بلکہ تھوڑے تھوڑے وقفے سے ان کی طرف دیکھئے، مسکرائیے، کبھی بیچ میں رک کرکوئی لطیفہ سنائیے، کبھی درمیان میں رک کران کا پسندیدہ چاکلیٹ یا کوئی مشروب ان کے لئے منگوائیے، کبھی ان سے کچھ سنئے، کہانی کوان کی زندگی اوران کی دلچسپیوں سے جوڑکردکھائیے۔
7۔ اس دوران اپنا موبائل فون بندرکھئے یا اسے 'سائلنٹ موڈ' پرکردیجئے۔
6۔ کتابوں کےانتخاب میں بچوں کی عمراوردلچسپیوں کا خیال ضروررکھئے۔ قصے کہانیوں کی کتابیں بچوں کو سب سے زیادہ پسند آتی ہیں، اس کا خیال رکھیں۔
8۔ بچوں کے لئے مواد کے انتخاب میں تنوع کو بھرپورجگہ دیجئے۔ بھوت پریت، جادوئی اورپریوں کی کہانیاں بچوں کو بہت پسند ہوتی ہیں۔ ان کے ذریعے بچوں میں تخیل کی صلاحیت پروان چڑھانے کی کوشش کیجئے۔
9۔ کبھی کبھی بچوں سے کہئے کہ وہ خود اپنی کہانی سنائیں۔ یہ کہانی زبانی سنائیں تو بہتر ہے۔ کہانی بنانے میں ان کو، ابتداء میں، آپ کی مدد کی ضرورت ہوگی۔ ان کی مدد کریں لیکن سب کے سامنے کریڈٹ ان کی کوشش اورمحنت کودیں۔ بچوں کی حوصلہ افزائی کے لئے انہیں نئی کتاب خرید کردیں، ان کی پسندیدہ ڈش بناکرکھلائیں، ان کے پسندیدہ کھیل کے لئے متعینہ وقت میں اضافہ کردیں، وغیرہ۔
10۔ وقت بہت تیزی سے بدل رہا ہے۔ روزبدلنے والی ٹکنالوجی کا اپنے بچوں سے تعارف کی ذمہ داری ہم خود اٹھالیں توبہت سے زحمتوں سے بچ سکتے ہیں۔ مطالعے اورکتابوں سے متعلق بہت سی 'ایپ' اورسائٹس ہیں۔ ان سے اپنی نگرانی میں بچوں کا تعارف کرائیں۔ کنڈل نے مطالعے کے پرانے تصورکوبدل دیا ہے۔ اس سے بھی بچوں کو ضرورمتعارف کرائیں۔ ان کے لئے کچھ کتابیں اپنے کنڈل پرضرورمحفوظ کرکے رکھیں۔ اس سلسلے میں کامکس پڑھنے، اوربہت چھوٹے بچوں کودکھانے، کی حوصلہ افزائی کریں۔ کامکس بچوں کے اندران کی تخلیقی صلاحیتوں کو مہمیزدینے میں اہم کردارادا کرتا ہے۔
Source: Received originally through Whatsapp message